17 اپریل 2013 - 19:30
صاحبزادہ فضل کریم کو زہر دئیے جانے کا احتمال

صاحبزادہ فضل کریم کے بیٹے کا دعویٰ ہے کہ فضل کریم کو زہر دے کر مارا گیا ہے۔

ابنا: صاحبزادہ فضل کریم کو زہر دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، یہ بات ان کے بیٹے حامد رضا نے کی۔ حامد رضا کا کہنا تھا کہ میرے والد جگر کے عارضے میں مبتلا تھے لیکن وہ باقاعدگی سے اس کا علاج کروا رہے تھے، اس عارضے میں ان کی حالت کافی زیادہ بہتر ہو رہی تھی لیکن اچانک ان کے معدے میں مسئلہ پیدا ہوا اور معدے نے مکمل طور پر کام کرنا چھوڑ دیا۔ صاحبزادہ فضل کریم کی اچانک وفات پر ڈاکٹر بھی حیران ہیں۔ ڈاکٹروں نے بھی شبہ ظاہر کیا کہ انہیں زہر دیا گیا جس کی وجہ سے ان کا معدہ ختم ہوگیا لیکن صاحبزادہ فضل کریم کے بڑے بھائی نے لاش کا پوسٹمارٹم کرانے سے انکار کر دیا۔ بھائی کا موقف یہ تھا کہ پوسٹمارٹم سے لاش کی بے حرمتی ہوتی ہے۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کی مجلس شوریٰ کا ایک ہنگامی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، تاہم اس میں ہونے والے فیصلوں کو ابھی خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مجلس شوریٰ صاحبزادہ فضل کریم کو زہر دیئے جانے کے حوالے سے غور و فکر کر رہی ہے۔ دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے حلقوں میں بھی اس حوالے سے بحث شروع ہوگئی ہے اور یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ صاحبزادہ فضل کریم کو کس نے زہر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲